امریکی ریاست ٹینیسی میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک شخص کی فائرنگ سے چار افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں جبکہ حملہ آور فرار ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دوپہر کے وقت ایک شخص خودکار اسلحہ لے کر ایک ریستوران میں داخل ہوا اور لوگوں پر فائرنگ کرنا شروع کر دی۔
اس واقعے میں زخمی ہونے والے دو افراد میں سے ایک شخص نے مسلح حملہ آور سے اسلحہ چھینا جس کے بعد حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔
پولیس نے حملہ آور کی شناخت کر لی ہے لیکن اسے گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 29 سالہ مشتبہ حملہ آور کا تعلق ریاست الینوائے سے ہے اور اُسے گذشتہ برس وائٹ ہاؤس کے قریب ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش پر بھی گرفتار کیا گیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں اے آر- 15 رائفل استعمال ہوئی ہے۔ امریکی میں زیادہ تر فائرنگ کے واقعات میں حملہ آوروں نے اسی نوعیت کے اسلحہ استعمال کیا ہے۔
اس سے پہلے ایسی ہی رائفل گذشتہ برس لاس ویگس میں ہونے والی فائرنگ کے واقعے میں استعمال ہوئی تھی جبکہ فلوریڈا میں سکول میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں بھی حملہ آور نے خود کار اسلحہ استعمال کیا تھا۔ فلوریڈا کے سکول میں ہونے والے اس حملے میں 17 طالب علم ہلاک ہوئے تھے۔
امریکہ میں عوامی مقامات پر فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات اور عوام کے احتجاج کے بعد ملک میں اسلحے کی روک تھام کے لیے ہونے والی بحث شدت اختیار کر گئی ہے۔