دی بلوچستان پوسٹ کابل کے نمائندے کے مطابق افغان طالبان نے افغانستان کے چار صوبوں میں موبائل سروس بند کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے موبائل کمپنیوں سے بھاری رقم دینے کا مطالبہ کیا تاہم رقم نہ ملنے پر طالبان نے سروس بند کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد چار صوبوں کندوز، فراہ، اورزگان اور ہلمند میں موبائل سروس بند کردی گئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی طالبان کی جانب سے متعدد بار موبائل سروس کو بند کیا گیا ہے۔ ان سروسز کو اتصالات کمپنی کے وفد نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں افغان طالبان سے مذاکرات کرکے بحال کروایا تھا۔
افغان سرکاری ذرائع نے دی بلوچستان پوسٹ کے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ طالبان اپنی جنگی اور دیگر ضرورتوں کے لئے منشیات کی خرید و فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کا استعمال کرتے ہیں تاہم حالیہ چند ہفتوں سے افغانستان کے مختلف مقامات پر منشیات کے بڑے بڑے کارخانوں کو تباہ کردیا گیا جس کے بعد سے طالبان کو سخت مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
افغان طالبان کے حلقوں سے ملنے والی معلومات کے مطابق پاکستان کے ہاتھوں مولانا عبدالصمد ثانی کی گرفتاری کے بعد سے طالبان کو مالی بحران کا سامنا ہے۔
دریں اثنا گذشتہ دنوں امریکی جنگی طیاروں نے افغانستان کے شورش زدہ مشرقی صوبے ہلمند کے ضلع مرجہ میں طالبان کے زیر استعمال منشیات کے ایک بڑے کارخانے پر شدید بمباری کی جس کی وجہ اربوں روپے کے منشیات تباہ ہو گئے۔