قمبر مینگل کی چالبازی اور ساسولی قبیلہ؟ ــــ میر عبدالقادر ساسولی

1824

قمبر خان مینگل کی چالبازی اور ساسولی قبیلہ؟

تحریر: میر عبدالقادر ساسولی

دی بلوچستان پوسٹ : کالم

 قمبر خان مینگل ولد شہید میر لونگ خان مینگل جس نے زمین کے ایک چھوٹے سے ٹکڑے کے لئے اپنے مینگل قبیلے کو ایک نا بُجھنے والے آگ میں دھکیل دیا ہے.

اپنے قبائلی دشمنی کی آڑ میں قمبر خان مینگل نے سینکڑوں نہتے سنّاڑی زہری بلوچوں کو قتل کیا.

قمبر خاں مینگل کا یہ قبائلی جنگ 2007ء سے شروع ہوکر تا حال جاری ہے. جس میں اب تک سناڑی قبیلے کے ساتھ ساتھ سینکڑوں مینگل بلوچ بھی لقمہ اجل بن گئے ہیں.
اپنے قبائلی دشمنی کو دوام بخشنے کے لئے قمبر خان مینگل نے ریاست کے سات گٹھ جوڑ کرکے دوسرے قبائل کو بھی اس جنگ میں  دھکیل دیا.

ریاست کے ایماء پر قمبر خان مینگل نے بلوچ آزادی پسندوں کے خلاف ایک جنگ چھیڑ دی، جس کے زد میں سب سے زیادہ نقصان ساسولی قبیلے کا ہوا.

یاد رہے قمبر خان کے علاقے دشت گوران سے ملحقہ علاقہ شور پارود ہیں اور یہاں اکثریت ہمارے قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں. جن کے ہاتھ میں قمبر خان نے دھونس دھمکیوں کے ذریعے بندوق تھما دیا ہے اور اپنے ہی بلوچ آزادی پسندوں کے خلاف جنگ کے لئے زور دیتا ہے .

ہمارے قبیلے کے جن لوگوں نے قمبر خان مینگل کے لئے بندوق نہیں اٹھایا، تو انہیں قمبر خان نے اپنے کارندوں کے ذریعے علاقہ بدر کرایا یا اغواء کرکے ریاست کے سامنے آزادی پسند ظاہر کرکے ہمیشہ کے لئے لاپتہ کردیا. جن میں بشیر احمد ساسولی، علی احمد ساسولی، اور محمد ہارون ساسولی تا حال لاپتہ ہے.

دو مہینے پہلے قمبر خان مینگل نے ہمارے 25 رشتہ داروں کو ریاست کے ہاتھوں اغواہ کروایا جنہیں شدید تشدّد کے بعد ریاست نے اس ضمانت پر رہا کردیا کہ وہ قمبر خان کا ساتھ دیکر آزادی پسندوں کے خلاف کام کریں.

قمبر خان مینگل کے ساسولی قبیلے کے خلاف ہتک آمیز رویے اور دھونس دھمکیوں کے بارے میں سردار چنگیز ساسولی، میر مصطفٰی ساسولی، ماسٹر ظفر ساسولی اور ساسولی قبیلے کے دوسرے معتبرین کو بھی بارہا آگاہ کیا گیا لیکن پھر بھی ان افراد کی خاموشی معنی خیز ہیں.

ساسولی قبیلے کے عام حلقوں میں یہی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ساسولی قبیلے کے یہ معتبرین یا تو ریاست کے مراعات کے بدلے قمبر خان کو ہمارے خلاف “جو چاہو کرو” کا سرٹیفکٹ دے چکے ہیں، یا یہ معتبرین خود ریاست کے ہم پلّہ ہوکر دوسرے بلوچ قبائل سے جنگ مول لے رہے ہیں.

آخر میں میں اپنے قبیلے کے تمام افراد سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ قمبر خان کے چالبازیوں کو پہچان کر قبائلی جھگڑوں سے اپنے آپ کو دور رکھیں کیونکہ قمبر خان کا جنگ زہری قبیلے سے ہے اور قمبر خان زہری قبیلے کو قابو میں کرنے کےلئے ساسولی اور دوسرے قبائل کو بھی اس جنگ کا حصہ دار بنانا چاہتا ہے.