کترینہ کیف اپنے 15 سالہ فلمی کیریئر پر کتاب لکھنے کی خواہاں ہیں۔

691

میگا بجٹ بولی وڈ فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ میں مصروف بار بی ڈول کترینہ کیف اپنے 15 سالہ فلمی کیریئر پر کتاب لکھنے کی خواہاں ہیں۔

34 سالہ اداکارہ کے مطابق وہ اپنے فلمی کیریئر کی تمام مشکلاتوں، اتار، چڑھاؤ، کامیابیوں، ناکامیوں اور فلم انڈسٹری سے سیکھی گئی ہر ایک بات پر کتاب لکھنا چاہتی ہیں۔

ایک عام اداکارہ سے بولی وڈ کی سپر اسٹار بننے والی کترینہ کیف کے مطابق انہیں کیریئر کے ابتدائی دنوں میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا، وہ سخت دباؤ کا شکار بھی رہی اور وہ اس سارے سفر کو کتابی شکل دیں گی۔

بھارتی نشریاتی ادارے سے خصوصی بات کے دوران کترینہ کیف کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ وہ اپنے 15 سالہ فلمی کیریئر کے اتار، چڑھاؤ پر کتاب لکھیں۔

’عجب پریم کی غضب کہانی‘ اداکارہ سے جب سوال کیا گیا کہ فلم انڈسٹری میں انہوں نے کس طرح کامیابی حاصل کی، جب کہ یہ انڈسٹری ان کے لیے بلکل نئی تھی، جس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ انہوں نے فلم انڈسٹری کو جاننے کے لیے خود پر محنت کی، تاہم وہ اس معاملے پر فی الحال جواب دے کر وقت برباد نہیں کرنا چاہتیں، کیوں کہ وہ اس معاملے پر کتاب لکھنے کا سوچ رہی ہیں اور وہ اس حوالے سے سنجیدگی سے غور کر رہی ہیں۔

2003 سے فلم ’بوم‘ سے کیریئر کی ابتداء کرنے والی کترینہ کیف نے اگرچہ 15 سالوں میں متعدد فلاپ فلمیں بھی دیں، تاہم ان کے کھاتے میں ’ٹائیگر زندہ ہے، عجب پریم کی غضب کہانی، ایک تھا ٹائیگر، جب تک ہے جاں، پارٹنر، ویلکم، ریس، دے دھنا دھن، زندگی نہ ملے گی دوبارہ، بینگ، بینگ، دھوم تھری، ہم کو دیوانہ کر گئے اور سنگھ از کنگ‘ جیسی فلمیں بھی ہیں۔

گزشتہ برس کے آخر میں ریلیز ہونے والی ان کی آخری فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے ریکارڈ بزنس کرتے ہوئے 300 کروڑ روپے سے زائد پیسے بٹورے تھے، جب کہ ان دنوں وہ اپنی آنے والی میگا بجٹ فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

اپنے 15 سالہ فلمی کیریئر کے اتار، چڑھاؤ پر بات کرتے ہوئے کترینہ کیف کا کہنا تھا کہ ابتداء سے ہی ان کا مقصد بولی وڈ میں خود کو منوانا تھا، ان کی منصوبہ بندی میں ’پلان بی‘ نامی کوئی چیز نہیں تھی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اداکاری اور فلم انڈسٹری کو چھوڑ کر ’پلان بی‘ کے بارے میں سوچنے کا مطلب ناکامی تھا اور وہ ناکام ہونا نہیں چاہتی تھیں، اس لیے انہوں نے انڈسٹری میں پاؤں جمانے کے لیے سخت محنت اور لگن سے کام لیا۔

انہوں نے وقت اور حالات کو انسان کا بہت بڑا استاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انڈسٹری میں موجود لوگوں کے رویوں اور عمل سے بہت کچھ سیکھا اور انہیں جان کر انہوں نے انڈسٹری میں اچھی کامیابی حاصل کی۔

تاہم بار بی ڈول نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کب تک اپنے کیریئر پر کتاب لکھیں گی۔