شام میں حمیمین ائربیس میں روسی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 32 افراد ہلاک ہوگئے۔
روس کی خبر ایجنسی آر آئی اے نوواستی کے مطابق وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ روسی طیارہ حمیمین ائربیس میں گر کر تباہ ہو گیا۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ طیارے میں 26 مسافروں کے علاوہ عملے کے 6 افراد بھی سوار تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘طیارے کے حادثے کے حوالے سے ابتدائی طور پر حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق تیکنیکی مسئلہ پیش آیا تھا’ جبکہ رپورٹس کے مطابق طیارے نے گرنے کے بعد آگ نہیں پکڑی۔
اعلامیے کے مطابق طیارے رن وے سے کوئی 5 سو میٹر دور تھا کہ حادثے کا شکار ہوا تاہم ایک کمیشن اس کی تحقیقات کرے گا۔
خیال رہے کہ روس نے شام میں ستمبر 2015 میں فضائی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا تھا جبکہ شام میں اتحادیوں کے ساتھ زمینی کارروائیوں کا سلسلہ گزشتہ سات سال سے جاری ہے۔
حمیمین ائر بیس میں گزشتہ سال اکتوبر میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا جس میں عملے کے دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔
روس کی جانب سے شام کی جنگ میں فوجی نقصانات کا اعتراف کیا جاتا رہا ہے اور گزشتہ ماہ ہی ادلب میں ایک طیارہ گر گیا تھا اور اس کے پائلٹ جان کی بازی ہار گئے تھے۔
حالیہ حادثے سے قبل شام میں روسی طیارے گرنے کے واقعات میں 45 افراد ہلاک ہوچکے تھے جبکہ دیگر نقصانات الگ سے تھے۔
روس نے گزشتہ ماہ اپنے 5 شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی جو باقاعدہ طورپر فوج کا حصہ نہیں تھے۔