نمائندہ ٹی بی پی کے مطابق بلوچستان کے شہر تربت میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے فوری بعد شدید فائرنگ کی گئی، دھماکے اور فائرنگ سے پورا علاقہ لرز اٹھا جس کی وجہ سے تمام مارکیٹ اور دکانیں بند کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل پر فٹ کیا گیا تھا جسے شہر کے اندر شاہ پور ہوٹل کے سامنے کھڑا کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ تربت میں ایف سی کے تحت مکران میلہ جاری ہے جس کی وجہ سے شھر میں 60 سے زیادہ چوکیاں قائم کرنے کے علاوہ ایف سی کے گشت میں بے انتہا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ہر دس قدم پہ قائم چوکیوں پر سخت ترین تلاشی بھی لی جارہی ہے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ شاہ پور ہوٹل جس کے سامنے دھماکہ ہوا ہے اس میں پنجاب سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں سے ایف سی کے مہمان ٹہرے ہوئے ہیں جو کہ مکران میلے میں شرکت کرنے آئے ہیں۔
دھماکے کے بعد علاقے میں کرفیو کا سماں ہے، ایف سی نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
علاقائی زرائع نے بتایا ہے کہ اس حملے میں ایف سی اہلکاروں کے ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں تاہم ابھی تک نقصانات کے بارے میں کوئی تصدیق شدہ تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی تربت میں ایک دھماکہ ہوا تھا جس کی زمہ داری آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ نام نہاد میلوں کے خلاف ایسے حملے جاری رہینگے۔