برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے برطانیہ کے شہر سیلیسبری میں سابق روسی انٹیلیجنس افسر اور ان کی بیٹی کو زہر دینے پر روس کے 23 سفارت کاروں کو ملک سے نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
برطانیہ نے یہ قدم اس وقت اٹھایا ہے جب روس نے برطانیہ کو اس زہر کے حوالے سے وضاحت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کے لیے ایک ہفتہ دیا گیا ہے اور یہ سفارتکار وہ انٹیلیجنس آفیسر ہیں جن کی شناخت مخفی رکھی گئی۔
ٹریزا مے نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروو کو برطانیہ کا دورہ کرنے کی دعوت بھی منسوخ کر دی ہے۔ اس کے علاوہ اعلان کیا گیا ہے کہ برطانوی شاہی خاندان روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کی تقریب میں شرکت نہیں کرے گا۔
روس نے سیلیسبری میں روس کے سابق انٹیلیجنس افسر 66 سالہ سرگئی اور ان کی 33 سالہ بیٹی یولیا کو زہر دینے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
یاد رہے کہ روس کو برطانیہ کی جانب سے ایک سابق ڈبل ایجنٹ (دو دشمن فریقوں کے لیے ایک ہی وقت میں کام کرنے والا جاسوس) پر مبینہ طور پر قاتلانہ حملے کی وضاحت کے لیے منگل کی شب تک کا وقت دیا تھا۔
برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں سابق ایجنٹ کو دیا گیا جنگی نوعیت کا اعصاب شکن مواد روس میں بنا ہے جبکہ امریکہ نے بھی اس واقعے میں روس کے ملوث ہونے کی تائید کی ہے اور نیٹو سے اسے ناقابلِ قبول قرار دیا تھا۔
برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے پارلیمان کو بتایا تھا کہ ‘عین ممکن’ ہے کہ انگلینڈ میں سابق روسی ایجنٹ اور ان کی بیٹی کو روس میں تیار کردہ فوجی گریڈ کے اعصاب کو متاثر کرنے والی کیمیائی مواد دیا گیا ہو۔