مصر: سیناء آپریشن میں12ہلاک ,92 گرفتار

96
File Photo

مصر کی فوج نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے “سیناء 2018” آپریشن کے سلسلے میں کارروائی کے دوران 12 دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جب کہ 92 مطلوب اور مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

انسداد دہشت گردی فورس کی جانب سے مصر کے صوبے سیناء کے شمالی اور وسطی علاقوں میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور ہتیھیاروں اور گولہ بارود کے ذخیروں کے مقامات پر فضائی حملوں اور توپ خانوں سے گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔

سیناء میں جاری وسیع آپریشن کے دوران فضائیہ نے دہشت گردوں کے 60 ٹھکانوں کا پتہ چلا کر انہیں تباہ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیے

مصر : مسجد میں دھماکہ 184 افراد ہلاک درجنوں زخمی

 

اس کے علاوہ دہشت گردوں کے زیر استعمال 20 گاڑیاں اور بغیر نمبر پلیٹ کی 27 موٹر سائیکلیں بھی ضبط یا تباہ کر دی گئیں۔

فوجی بیان کے مطابق 30 پناہ گاہوں اور ذخیروں کے مقامات کو تباہ کر دیا گیا۔ ان کے اندر سے کیمیائی مواد برآمد ہوا جو دھماکا خیز آلات اور ریموٹ کنٹرول آلات تیار کرنے میں کام آتا ہے۔

عسکری ماہرین علاقے میں نصب کیے گئے 23 دھماکا خیز آلات کا پتہ چلا کر انہیں ناکارہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ اس کے علاوہ زیر زمین 13 خفیہ کمین گاہیں بھی ملیں جن کے اندر بڑی مقدار میں راشن کا سامان ، موٹر سائیکلوں کے فاضل پرزہ جات اور دھماکا خیز آلات کی تیاری کا سامنا موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیے

مصر کے شہر سیناءمیں کار بم حملہ

مصری فضائیہ “مغربی تزویراتی سمت کے ذریعے” اسلحہ اور گولہ بارود مصر اسمگل کرنے کی کارروائی ناکام بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ اس دوران اسلحہ اور گولہ بارود سے بھری چار گاڑیوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔ اس کے نتیجے میں اسمگلنگ کے ذمے دار دہشت گرد عناصر مارے گئے۔

مصری فوج نے کل اتوار کے روز 16 دہشت گردوں کو ہلاک اور 34 کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ وسیع آپریشن میں 66 اہداف کو تباہ کر دیا گیا۔ جزیرہ نما سیناء میں جاری آپریشن میں مصر کی فضائیہ اور بحریہ کے علاوہ سرحدی فورسز اور پولیس فورس شریک ہے۔

یاد رہے کہ “سیناء آپریشن 2018” کا آغاز جمعے کے روز کیا گیا تھا۔ مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے جزیرہ نما سینا کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے دی گئی تین ماہ کی مہلت فروی کے اواخر میں اختتام پذیر ہو جائے گی۔