شاہ سلمان کا روسی صدر سے ٹیلی فون پر شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال

155

سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور روسی صدر ولادی میر پوتین نے ٹیلی فون پر شام کی تازہ صورت حال پر بات چیت کی ہے۔

کریملن کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق دونوں لیڈروں نے شام کی صورت حال کے علاوہ دفاعی سازوسامان کی خرید وفروخت سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے ۔

شاہ سلمان نے روسی صدر پوتین سے گفتگو کرتے ہوئے ماسکو کے نزدیک اختتام ہفتہ پر ایک مسافر طیارے کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اس حادثے میں طیارے کے عملہ سمیت اکہتر افراد مارے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے                                                                                                                    

شام اور اسرائیل کی سرحد پر ایرانی سرگرمیوں پر تشویش ہے:برطانیہ

دونوں رہ نماؤں نے تیل کی عالمی مارکیٹ میں استحکام لانے کی غرض سے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔تاہم بیان میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ روابط میں توسیع سے متعلق تفصیل کی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ روس اور سعودی عرب نے تیل کی عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے اوپیک اور غیر اوپیک ممالک کے درمیان خام تیل کی پیداوار میں کمی کے سمجھوتے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور اس کے نتیجے میں گذشتہ ڈیڑھ ایک سال کے دوران میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔