ایران: مسافر طیارہ گر کر تباہ، تمام 66 افراد ہلاک

102

ایران میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک مسافر بردار جہاز پہاڑوں میں گر کر تباہ ہو گیا ہے اور جہاز میں سوار مسافر اور عملے سمیت سوار تمام 66 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق آسمان ایئر لائن کا مسافر برادر طیارہ تہران سے جنوب مغربی شہر یسوج جا رہا تھا، جو اصفہان کے قریب گر کر تباہ ہوا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مسافر طیارہ وسطی ایران میں پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔

امدادی ادارے ہلالِ احمر کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر ریسکیو اور سرچ کی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔

جہاز مقامی وقت کے مطابق تہران سے صبح آٹھ بجے روانہ ہوا تھا اور پرواز کے ایک گھنٹے کے بعد وہ ریڈار سے غائب ہو گیا۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جہاز یسوج سے 22 کلو میٹر کے فاصلے پر ڈینا پہاڑ پر گر کر تباہ ہو گیا۔

آسمان ایئرلائن کا مسافر جہاز فرانسیسی ساختہ اے ٹی آر 72-500 جہاز تھا۔ جہاز میں سوار 60 مسافروں کے علاوہ دو سکیورٹی، پائلٹ اور عملے کے تین افراد سوار تھے۔

ایئر لائن کے ترجمان محمد تباتبانی کا کہنا ہے کہ ’علاقے میں تلاش کے بعد ہمیں مطلع کیا گیا کہ جہاز تباہ ہو گیا ہے اور بد قسمتی سے تمام افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔