گوادر میں چین اور پاکستان کے زیر اہتمام ج عالمی تجارتی میلہ کے لیئے چین نے اپنے وضع کردہ نقشے میں کشمیر کو ہندوستان کا علاقہ ظاہر کردیا۔
نمائندہ دی بلوچستان پوسٹ کے مطابق چین جو خود کو پاکستان کا دوست کہتا آرہا ہے اس کی یہ عمل پاکستان کے لیئے ہزیمت کا باعث بن گیا۔ نقشے میں کشمیر کو ہندوستان کا حصہ ظاہر کرنے کی نشاندہی سرکاری حکام اور فوجی اداروں کے بجائے ایک عام شخص نے کی۔
گوادر پورٹ اتھارٹی کے ایک سنیئر افسر نے نقشے میں غلطی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ نقشہ چین نے خود عالمی ایکسپو کے لیئے ڈیزائن کیا تھا۔ تیاری اور ہمیں ملنے کے بعد اس نقشے کو ایکسپو کے لیئے لگادیا گیا تب اس میں کشمیر کے متنازعہ علاقہ کی نشاندہی کی گئی۔
انہوں نے مزید کہاکہ نقشے کو ہوسکتا ہے جان بوجھ کر چین نے ہندوستان کو خوش کرنے کے لیئے اسی طرح ڈیزائن کیا تھا کیوں کہ سی پیک کے مجوزہ منصوبے میں کشمیر سے جانےوالی روٹ سے متعلق ہندوستان نے پہلے ہی خدشات ظاہر کیئے تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہاکہ چین پاکستان کو اس اہم منصوبے میں ایک پارٹنر ملک کے بجائے اپنے رویے سے تعمیراتی ٹھیکیدار یا سیکیورٹی کمپنی سمجھتا آرہا ہے کیوں کہ اب تک سی پیک منصوبے میں جتنی پیش رفت ہوئی ہیں چین نے پاکستان کو برابری کی بنیاد پر ترجیح نہیں دی یے بلکہ تمام چیزیں اپنی منشاء کے مطابق طے کی ہیں۔
یاد رہے کہ گوادر میں کل سے جاری اس تجارتی میلہ کو عالمی ایکسپو کہا جارہا تھا جس کے متعلق دعوی کیا گیا تھا کہ دنیا کے کئی ممالک اپنے تجارتی اسٹال لگا ئینگے تاہم اس ایکسپو میں عالمی رنگ دکھائی نہیں دے رہا اور نا چین کے علاوہ کسی دوسرے ملک سے مندوب یا تجارتی کمپنی شرکت کررہی ہے۔