پاکستانی آرمی کی جانب سے تربت میں پاکستان مخالف چاکنگ کیخلاف مہم شروع

696

تربت: ایف سی اور آرمی نے شھر میں پاکستان مخالف وال چاکنگ مٹانے کی مہم شروع کردی۔

دی بلوچستان پوسٹ تربت کے نمائندے کے مطابق تربت میں بلوچ آزادی پسند تنظیموں کی وال چاکنگ کے خلاف ایف سی اور پاکستان آرمی نے کاروائی شروع کی ہے۔ شہر اور نواحی علاقوں میں دیواروں پہ پاکستان مخالف وال چاکنگ مٹانے کا سلسلہ کئی دنوں سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایف سی اور آرمی کے مسلح اہلکار نصف درجن گاڑیوں کے ساتھ گشت کررہے ہیں اور جہاں کسی دیوار پہ چاکنگ دیکھتے ہیں وہاں باقاعدہ گھیراؤ کرکے پورا گلی یا محلہ سیل اور قریبی سڑکیں بلاک کر دیتے ہیں۔

اس دوران کچھ اہلکار پہرہ لگاتے ہیں کچھ چاکنگ مٹاتے ہیں اور باقی اہلکار اس محلے کی تمام گھروں کی جامع تلاشی لینے کے ساتھ وہاں مکینوں کو چاکنگ کرنے والوں کی نشاندہی اور آئندہ کسی کو چاکنگ سے منع کرنے یا فوری طور پر ایف سی کو اطلاع دینے کی سخت ہدایت کے ساتھ ایسا نہ کرنے پہ سنگین نتائج بگھتنے کی دھمکی دیتے ہیں۔

ایف سی کے اس متشدد رویے پرعوام میں شدید خوف و ہراس اور ہیجانی صورت پیدا ہوگئی ہے۔