بلوچ ڈاکٹرز فورم کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بی ایم سی ایچ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب سے موصوف نے چارچ سنبھالا ہے تب سے ہسپتال بہتری سے ابتری کی جانب گامزن ہے۔
ایمرجنسی آپریشن تھیٹر میں صرف ایک آپریشن بیڈ فنکشنل ہے جبکہ ان کی ٹوٹل تعداد دو ہے اور بیشتر سرجن اس مسئلے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو آگاہ بھی کر چکے ہیں لیکن چارچ سنبھالنے سے لے کر آج تک صورتحال اسی طرح ہے۔
اس کے علاوہ ہسپتال میں ایمرجنسی کی چیزیں ناپید ہوچکی ہیں اور چھوٹی سے چھوٹی چیز مریضوں سے منگوائی جارہی ہے جو باعث تشویش ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ رات کے وقت جب ایمرجنسی سے مریضوں کو وارڈ میں منتقل کیا جاتا ہے تو وہاں بھی صورتحال مختلف نہیں بیشتر وارڈوں میں کوئی بھی موجود نہیں مریض مایوسی میں یا تو پرائیوٹ ہسپتال کا رخ کرتا ہے یا وہاں بے یار و مددگار بیٹھ جاتا ہے۔ بیسک ٹیسٹ کے لیے مریضوں کو باہر کی لیبارٹری کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ ادویات ناپید ہوچکی ہیں اور چھوٹی سے چھوٹی ادویات دستیاب نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں بی ایم سی ایچ میں جو اپوئنٹ ہوئی ہیں یہ بھی سارے کرپشن کی نظر ہوئے ہیں اور میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئی جسکی ہم سختی سے مذمت کرتے ہیں۔
اداروں کی تباہی کسی صورت بھی قبول نہیں ہم حکام بالا سے اپیل کرتے ہیں کہ موصوف کے خلاف فوری محکمانہ کاروائی کرے بصورت دیگر ہم شدید احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔