زعمران میں پاکستانی فوج کا شدید آپریشن جاری

540

ضلع کیچ کے علاقے زعمران میں گزشتہ ایک ہفتے سے پاکستانی فوج کا شدید آپریشن جاری

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ زعمران میں گزشتہ تقریبا ایک ہفتے سے پاکستانی فوج کا شدید آپریشن جاری ہے، جو کہ 11 جنوری کو شروع ہوا جس میں پہلے روز سینکڑوں کی تعداد میں زمینی فوج اور تین ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا اورآبادیوں پر فضائی بمباری کی جس میں نقصانات کا قوی امکان ہے لیکن علاقہ فوج کے گھیرے میں ہونے کی وجہ سے زیادہ تفصیلات موصول نہیں ہو پا رہی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پہلے روز آبادیوں پر شدید بمباری کے بعد زمینی فوج علاقے میں داخل ہوئی اور گھر گھر تلاشی کے دوران فوجیوں نے عورتوں اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ گھروں میں موجود قیمتی اشیاء بھی لوٹ کر لے گئے۔

نمائدہ ٹی بی پی کو علاقائی لوگوں سے موصول مزید تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج علاقے میں مزید کیمپ اور چوکیاں قائم کر رہی ہے اور زعمران کے علاقے دشتونک میں آرمی نے اسکول اور ہسپتال پر قبضہ کر کے چوکیاں اور کیمپ بنا دیئے ہیں اور پوگنزان میں بھی چوکی قائم کردی گئی ہے۔

ایک علاقائی شخص نے ٹی بی پی کو بتایا کہ پاکستانی فوج نے  دشتونک کے علاقے کو مکمل سیل کر دیا ہے اور مکینوں کو علاقے سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے،جبکہ دشتک اسکول اور ہسپتال کے باہری حصے میں بڑی خندقوں کی کھدائی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور راستوں کے سیل ہونے کی وجہ سے لوگوں کی روز مرہ کی خوردونوش کی اشیاء کی بھی قلت پیدا ہو چکی ہے،علاقے میں موجود پانی پر بھی فوج نے قبضہ کر لیاہے،پہاڑی علاقوں میں تمام اطراف میں فوجی اہلکاروں نے مورچے بنا کر عوام کو محصور کر دیا ہے اور آرمی کیمپ کی تعمیر کا سلسلہ بھی جاری ہے۔