اورکزئی ایجنسی اور شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے سپین ٹل ڈپہ ماموزئی میں امریکی ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کے کمانڈر سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
اورکزئی ایجنسی کے ذرائع کے مطابق ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کے مرکز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ذرائع سے آنے والی اطلاعات کے مطابق ڈرون نے کمانڈر احسان عرف خورئے کے گھر پر دو میزائل داغے، جس کے نتیجے میں کمانڈر احسان عرف خورئے سیمت دو افراد ہلاک ہوگئے۔
ادھر پولیٹیکل انتظامیہ نے ڈرون حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرون حملہ افغان مہاجرین کے گھر پر ہوا تھا۔
پولیٹیکل انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ حملے میں احسان عرف خورئے، جو حقانی گروپ کمانڈر تھا، اور اس کا ساتھی ناصر محمود ہلاک ہوگئے۔
بعد ازاں ایس ایچ او ٹل امیر زمان نے تصدیق کی کہ ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے ایک شخص کی شناخت ناصر محمود عرف خاوری کے نام سے ہوئی ہے۔