ترکی کے خلاف کرد انتظامیہ نے ” نفیر عام ” کا اعلان کردیا

410

شام کے شمال میں کردوں کی خود مختار انتظامیہ نے منگل کے روز عفرین شہر کے دفاع کے لیے “نفیر عام” کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان ترکی کی جانب سے عفرین پر آج مسلسل چوتھے روز کیے جانے والے حملوں پر سامنے آیا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ”ہم نفیر عام کا اعلان کرتے ہیں اور اپنی قوم کے فرزندان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عفرین کا دفاع کریں”۔

ایک کرد ترجمان نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ دی گئی دعوت کا مطلب ہے کہ شام میں موجود تمام کرد عفرین کے دفاع کے واسطے ہتھیار اٹھا لیں۔

ترکی کی فوج نے ہفتے کے روز شام میں “غصن الزیتون” کے نام سے ایک عسکری آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ترک میڈیا کے مطابق شامی اپوزیشن کی جیشِ حُر کے جُھنڈ کے جُھنڈ عفرین میں داخل ہونا شروع ہو گئے جب کہ ترکی کے لڑاکا طیاروں نے شمالی شام میں واقع شہر میں پیپلز پروٹیکشن یونٹس اور کردستان یونین پارٹی کے اہداف پر شدید حملے کیے۔