بیلہ اور اوتھل میں زلزلے کے شدید جھٹکے .
بیلہ میں مکان گرنے سے ڈیڑھ ماہ کی بچی جاں بحق جبکہ اسکی دوبہنیں شدید زخمی،متعدد افراد زخمی ،
اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ،کئی کچے مکانات زمین بوس ،پکے گھروں کی دیواروں میں گہری دراڑیں پڑگئیں،گھروں میں ہنگیٹی (پاٹی )پر رکھے برتن زمین پرگرپڑے اور کئی گھروں ، سرکاری عمارات اورمساجد کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں،
زلزلہ آتے ہی روزمرہ کی مصروفیات میں مشغول لوگ گھروں ،دفتروں اور دکانوں سے آیات کریمہ کا ورد کرتے ہوئے باہرنکل آئے، اسکولوں میں زلزلے کی وجہ سے چھٹی کرادی گئی، موڈریٹ ارتھ کوئیک پاکستان کے مطابق زلزلے کی شدت 4.9تھی جبکہ زلزلے کا مرکز بیلہ سے 20کلومیٹردورکونڈی کا مشرقی پہاڑی علاقہ تھاجبکہ اوتھل میں صرف زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی قسم کے جانی یامالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی،بیلہ میں آفٹرشاکس کا سلسلہ جاری،
دی بلوچستان پوسٹ رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے تاریخی شہر بیلہ میں صبح 10بجے زلزلے کاایک شدید جھٹکا لگا جو تقریباًپانچ سے چھ سکینڈتک جاری رہازلزلہ آتے ہی بیلہ شہراور اسکے مضافاتی علاقوں میں کئی کچے مکانات زمین بوس ہوگئے جبکہ بیلہ شہرمیں پکے گھروں اور سرکاری عمارات میں گہری دراڑیں پڑ گئیں جبکہ جامعہ مسجد سلیمانیہ کی کھڑکیاں اور اس میں لگے فانوس ٹوٹ گئے ادھربیلہ کراس دراڑھ گوٹھ میں پنجاب کے رہائشی رانا علی اکبر کاگھر مہندم ہونے کی وجہ سے اسکی ڈیڑھ ماہ کی بچی تہمینہ جاں بحق ہوگئی جبکہ اسکی دوبیٹیاں سکینہ اور حسینہ شدید زخمی ہوگئیں بتایا جاتاہے کہ متاثرہ خاندان کاتعلق پنجاب سے ہے جو بیلہ میں ٹھیکے پر زمینداری کررہاتھابیلہ کے دیگر مضافاتی علاقوں میں کئی کچے مکان گرنے کی وجہ سے 11افراد زخمی ہوگئے جن میں جویریہ بنت عمران،شاہ زیب ولد بابر،انس ولد فتح خان محمود ولد علی اکبر،مومن ولد علی اکبراوردیگرزخمی ہوگئے جن کو سول ہسپتال بیلہ لایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی اور انہیں مزید علاج کیلئے کراچی منتقل کردیاگیاسول ہسپتال بیلہ کے ڈاکٹر عبدالرشید رونجھو کے مطابق اب تک 11زخمیوں کو ہسپتال لایاگیاہے جبکہ دیگر علاقوں سے مزید زخمیوں کے آنے کی بھی اطلاعات مل رہی ہیں زلزلے کی خبرملتے ہی ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل اوتھل سے بیلہ روانہ ہوگئے اور اسسٹنٹ کمشنر بیلہ عزت نذیر بلوچ کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے ہنگامی صورتحال کا جائزہ لیا انہوں نے سول ہسپتال بیلہ میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کردی ادھر ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم اوتھل اور اسکے نواحی علاقوں سے کسی قسم کے جانی یامالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں،واضح رہے کہ بیلہ زلزلے کے مقناطیسی پلٹس کے ریڈزون میں آتاہے اس سے قبل بھی بیلہ میں کئی بار زلزلے آئے لیکن اتنا نقصان کبھی نہیں ہوا جتنا اس باربتایاجارہاہے ۔