افغانستان:امریکی حملے میں طالبان کا خودکش آپریشن کمان ہلاک

255

افغانستان کے صوبہ ہلمند میں ہونے والے فضائی حملے کے نتیجے میں شدت پسند تنظیم طالبان کے اہم کمانڈر اور خود کش آپریشنز کے انچارج مولوی احمد مسرور سمیت 16 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

افغان میڈیا  کے مطابق  افغانستان کے صوبہ ہلمند کے ضلع گریشک میں ہونے والے فضائی حملے میں ہلمند میں خود کش آپریشنز کا انچارج مولوی احمد مسرور اپنے دیگر 15 ساتھیوں سمیت مارا گیا۔

افغان میڈیا نے مقامی عہدے داروں کے حوالے سے بتایا کہ یہ فضائی حملہ اتوار کو رات گئے شوراکی کے علاقے میں کیا گیا۔ حملے میں ہلاک ہونے والے دو دیگر طالبان کمانڈرز کی شناخت ملا صدیق اللہ اور مولوی سجاد کے نام سے ہوئی ہے۔

ہلمند کے صوبائی میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فضائی حملہ اس وقت کیا گیا جب طالبان جنگجو 6 خود کش بمباروں کو ضلع نہر سراج منتقل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

اس حوالے سے طالبان کی جانب سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان کا صوبہ ہلمند شورش زدہ علاقوں میں سے ایک ہے جہاں طالبان مختلف اضلاع میں خاصے سرگرم ہیں اور اکثر حملے کرتے رہتے ہیں