مشکے و گرد و نواح میں شدید فوجی آپریشن جاری

402
File Photo

بلوچستان کے علاقے مشکے واشک و پنجگور میں پاکستانی فوج کا آپریشن جاری ہے، بتایا جا رہا ہے کہ اس آپریشن میں پانچ ہزار سے زائد فوجی اہلکاروں نے حصہ لیا ہے۔

اس وقت ضلع واشک و مشکے کے علاقوں گجلی، پیزک، زوارک، نلی اور تیر کاشی کا علاقہ جو ضلع پنجگور میں آتا ہے میں پاکستانی فوج کی ایک مکمل بریگیڈ آپریشن میں مصروف ہے۔

علاقائی زرائع نے بتایا ہے کہ فوج نے اب تک کئی گھروں پر بمباری کی ہے جن میں قادر بخش،اللہ بخش، غنی، حضور بخش اور عبدالکریم کے گھر شامل ہیں جن کا تعلق گہرام زئی قبیلے سے بتایا جاتا ہے۔

جبکہ دوسری جانب راغے کے علاقے میں فوج نے آپریشن کر کے بلوچ رہنماء ڈاکٹر اللہ نظر کی بہن نور خاتون و کزن صاحب داد کو لاپتہ کر دیا ہے اور ان کے ایک اور کزن خیر بخش کو دوران حراست شہید کر کے لاش پھینک دی ہے۔

ٹی بی پی کو تازہ ترین ملنے والی اطلاعات کے مطابق ابھی ابھی نوکجو کے علاقے میں 10 لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

یاد رہے کہ مشکے و گرد و نواح میں ایک دسمبر سے پاکستانی فوج کی زمینی و فزائی آپریشن جاری ہے جس میں اندازہ کیا جا رہا کہ ابھی تک 40 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتہ کیئے جا چکے ہیں۔ اور لاپتہ کیئے جانے والوں میں 60 سے زائد خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔