ایران: حکومت مخالف مظاہرے:دو افراد ہلاک

237

ایران میں حکومت مخالف احتجاج کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ایک وڈیو میں ہفتہ کو دیر گئے مغربی قصبے دورود میں مبینہ طور پر پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دو مظاہرین کو دکھایا گیا۔

وائس آف امریکہ کی پرشیئین سروس نے مرنے والوں کی شناخت حمزہ لاشنی اور حسین رشنو کے نام سے کی ہے اور اس سروس کے ایک نمائندے نے متاثرہ لواحقین سے بات بھی کی۔

ایک اور وڈیو میں مبینہ طور پر مظاہرین سرکاری عمارتوں پر حملہ کرتے اور بظاہر پولیس کے ساتھ پرتشدد جھڑپوں میں الجھے نظر آ رہے ہیں۔ ان غیر مصدقہ وڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہزاروں افراد ایران کے مختلف شہروں میں مظاہرے کر رہے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کے مطابق تہران میں ہفتہ کو نصف شب کے بعد موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس میں خلل بھی دیکھا گیا۔ اے ایف پی نے ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ اسے حکومت مخالف مظاہروں کی کوریج سے روک دیا گیا ہے۔

ایران کے وزیر برائے ٹیلی مواصلات محمد جواد آذری جھرمی نے پیغام رساں سروس ٹیلیگرام کے سربراہ کے نام ایک کھلے پیغام میں کہا ہے کہ “ٹیلیگرام چینل منافرت پر مبنی اقدام کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔” ٹیلیگرام نے اپنے اکاونٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں ہفتہ کو سیکڑوں مظاہرین یونیورسٹی آف تہران کے گردونواح میں سڑکوں کا رخ کیا اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔

اسی اثناء میں حکومت کی حمایت میں بھی عوامی مظاہرے دیکھنے میں آئے جن میں مظاہرین “غداری مردہ باد” کے نعرے لگاتے رہے۔

ان مظاہروں کے بارے میں بہت ہی کم معلومات حاصل ہو سکی ہیں کیونکہ سرکاری اور نیم سرکاری میڈیا ان کے بارے میں بہت کم ہی کوریج کر رہا ہے۔