پاکستان کے فضائیہ کے سربراہ چیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ امریکا سے عملی طور پر لڑائی ہمارے مفاد میں نہیں مگر امریکا کو ڈرون طیاروں کی خلاف ورزی پر بتا دیا ہے کہ اگر ڈرون پاکستان کے اندر آئے تو مار گرائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی مداخلت کرنے کی کوشش نہ کرے کیونکہ ملک کی سالمیت و خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔
ایئریونیورسٹی کے زیر اہتمام ’ایئرٹیک 17‘ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کسی پر اپنی مرضی کی جمہوریت مسلط نہیں کی جاسکتی، جمہوریت کے نام پر عراق اور لیبیا میں جو ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین، بھارت، ایران اور افغانستان ہمارے ہمسائے ہیں اور رہیں گے، جیسا کہ ہم اپنے ہمسائے تبدیل نہیں کرسکتے۔
ایئر چیف مارشل نے کہا کہ 2016 میں امریکا نے کہا ہم اسلحہ اور ہتھیار دیں گے مگر نہیں دیئے، پاک فضایہ بیشتر اسلحہ اور ہتھیار خود بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی ڈرون نے بھی خلاف ورزی کی تو جے ایف 17 طیارے نے اسے مار گرایا، اسٹیلتھ طیارہ پاکستانی فضائی حدود میں آجائے تو وہ واپس نہیں جاسکتا۔