افغانستان : نماز جنازے میں خودکش حملہ 15 افراد جابحق14 زخمی

287

افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں سابق گورنر کے جنازے میں خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم 15 شہری جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔

اے ایف پی کے مطابق ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ خوغیانی کا کہنا تھا کہ ‘ننگرہار کے ضلع بہسود میں ایک جنازے میں ہونے والے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 تک پہنچی ہے’۔

حملے میں 14 افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ تمام متاثرین عام شہری تھے۔

خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے حالیہ چند مہینوں میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی مہم بھی جاری ہے تاہم اس واقعے کے حوالے سے تاحال کسی تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

قبل ازیں گورنر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ صوبائی دارالحکومت جلال آباد کے قریب ایک حملے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

بیان کے مطابق حملہ آور نے ہسکہ منا کے سابق گورنر کی نماز جنازہ کے لیے جمع افراد کو نشانہ بنایا تاہم سابق گورنر کا انتقال بیماری کے باعث ہوا تھا۔

شعبہ صحت کے صوبائی ڈائریکٹر نجیب کماوال نے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔