پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ افغانستان میں امن اور استحکام سمیت بھارت سے دوستانہ تعلقات کے بغیر خطے میں بالخصوص پاکستان میں امن اور ترقی کی امید نہیں رکھنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ ‘پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے علاوہ بھی دیگر ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کا راز خطے میں امن اور استحکم سے منسلک ہے۔
گزشتہ روز کوئٹہ میں چرچ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘دہشت گردی کو باہمی تعاون کے بغیر شکست نہیں دی جا سکتی جبکہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کو صرف پختون عوام سے منسوب کرنا گمراہ کن پروپگینڈا ہے’۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ معاشرے میں طاقتور طبقے کی جانب سے استحصال کے نتیجے میں عدم مساوات جنم لیتی ہے۔