پاک ، افغان سرحد کے نزدیک امریکا کا ڈرون حملہ ، تین جنگجو ہلاک

139

اکستان اور افغانستان کی سرحد کے نزدیک واقع افغان صوبے پکتیا میں امریکا کے ایک بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں تین مشتبہ جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔

پکتیا کے صوبائی گورنر کے ترجمان عبداللہ عسرت نے بتایا ہے کہ ضلع پتن میں جمعرات کو جنگجوؤں کے ایک ٹھکانے پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔انھوں نے ہلاکتوں کی تعداد بھی زیادہ بتائی ہے اور کہا ہے کہ دو کمانڈروں سمیت سات جنگجو مارے گئے ہیں اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔

پاکستان کے دو انٹیلی جنس عہدے داروں کے مطابق بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے نے حقانی نیٹ ورک کے کمانڈر عبدالرشید کے غزنوی کمپاؤنڈ پر دو میزائل داغے ہیں۔

انھوں نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا کمانڈر عبدالرشید حملے کے وقت اس کمپاؤنڈ میں موجود تھا یا نہیں۔یہ کمپاؤنڈ کرم ایجنسی کے قبائلی علاقے غزگری میں پیش غر کے پہاڑ پر واقع ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دشوارگزار پہاڑی علاقوں میں سرحد کا واضح طور پر تعیّن نہیں ہے۔ہندوستان پر قابض انگریز حکومت نے سوا صدی قبل افغانستان کے ساتھ حد فاصل قائم کرنے کے لیے ڈیورنڈ لائن کھینچی تھی لیکن افغان حکومت اس کو بین الاقوامی سرحد تسلیم نہیں کرتی ہے۔پاکستان افغان سرحد کے ساتھ اب باڑ لگا رہا ہے جس کا مقصد سرحد کے آر پار جنگجوؤں کی نقل وحرکت کو روکنا ہے۔