پاکستانی قبضے نے بلوچ یکجہتی کو نقصان پینچایا: بی این ایم ، بی ایس او آزاد

416

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کی جانب سے 13 نومبر بلوچ شہدا کی مناسبت سے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بی ایس او آزاد کے کارکنوں نے شہدا کی یاد میں ریفرنسز منعقد کیے۔ شہدا کی یاد میں کارکنوں نے چراغ بھی روشن کیے۔ بی ایس او آزاد اور بی این ایم کی ایک مشترکہ ریفرنس میں بلوچ نیشنل موومنٹ کے چیئرمین خلیل بلوچ نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں چیئرمین خلیل بلوچ نے بلوچ شہدا کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی آزادی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فرزند بلا شبہ بلوچ قوم کے لئے عظیم ہیں، شہیدوں کی قربانیوں کی بدولت ہی بلوچ صدیوں سے اس سرزمین پر آباد ہیں اور اپنی زبان و قومی اقدار کی حفاظت کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔ آزادی ہر انسان کا فطری حق ہے لیکن قابض طاقتیں لوٹ مار و استحصال کی غرض سے سب سے پہلے محکوم قوموں کی آزادی سلب کرتے ہیں، سیاسی ، معاشی و ثقافتی آزادی چھین کر محکوم قوم کی مستقبل کا فیصلہ اپنے ہاتھوں میں لینے کی کوشش کرتے ہیں جس طرح کہ پاکستان بلوچ قوم کے ساتھ کررہا ہے۔ قابض قوتوں کا محکوموں کے ساتھ یہ رویہ نیا نہیں ہے بلکہ ہر زمانے کی قابضین نے محکوموں کو زیر کرنے کے لئے مختلف ہتھکنڈے آزمائے ہیں، لیکن جن قوموں نے غلامی تسلیم کرنے کے بجائے آزادی کے لئے جدوجہد کی وہ آج نہ صرف اپنی شناخت برقرار رکھے ہوئے ہیں بلکہ سیاسی و معاشی حوالے سے بھی آزاد ہیں۔ چیئرمین خلیل بلوچ نے کہا کہ برطانیہ کی غلامی کے بعد اب پاکستان کی بلوچستان پر جبری قبضہ نے بلوچ قوم کو بے انتہا نقصانات پہنچائے ہیں۔ بلوچ یکجہتی کو کئی حصوں میں تقسیم کرکے بلوچوں کی طاقت کو نقصان پہنچایا گیا، سیاسی حوالے سے پابندی لگا کر بلوچ قوم کی قسمت کا فیصلہ قابضین نے اپنے ہاتھوں میں لے لیا، غلامی کے اثرات آج ہر شعبہ زندگی میں واضح طور پر نظر آرہے ہیں ۔ بلوچ قوم کی نجات کا واحد راستہ قومی آزادی ہے، آزادی حاصل کیے بغیر بلوچ قومی ترقی و تعمیر کسی بھی صورت ممکن نہیں ہے۔ واضح رہے کہ 13نومبر کو یومِ شہدا منانے کا اعلان بی ایس او آزاد نے 2010کو کیا تھا، اس کے بعد سے بیشتر بلوچ سیاسی پارٹیاں اور عوام کی اکثریت اس دن کو عقیدت کے ساتھ شہدا کی یاد میں منا رہی ہے۔ آج سوشل میڈیا پر بھی کارکنوں کی بڑی تعداد نے #13NovBalochMartyrsDayکا استعمال کرکے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بی ایس او آزاد کے ترجمان نے اس موقع پر کہا کہ بلوچ عوام کے دلوں میں شہدا کے لئے موجود عقیدت و احترام بلوچ آزادی کا پیش خیمہ ہے، دشمن کی تمام تر جبر و بربریت اور پروپگنڈوں کے باوجود بلوچ عوام آزادی پسندوں کے ساتھ بے لوث انسیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی قوم اپنے ان سپوتوں کو کبھی نہیں بھولتی ہے جنہوں نے آزادی اور قوم کی مستقبل کے لئے اپنی جانیں پیش کیں۔ آج بلوچ عوام نے اجتماعی حوالے سے شہدا کو یاد کرکے اپنے قومی شعور کو ثبوت دیا ہے۔