مصر کے صوبے شمالی سیناء کے شہر العریش میں جمعے کے روز ایک مسجد کے احاطے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 184 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
مصری میڈیا کے مطابق دہشت گردوں نے دھماکا خیز مواد مسجد کے نزدیک نصب کیا تھا جو جمعے کی نماز کے دوران پھٹ گیا۔
دھماکے کے بعد 50 کے قریب ایمبولینس کی گاڑیاں جائے حادثہ کی جانب دوڑ پڑیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ زخمیوں کو منتقل کرنے کی کارروائی کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے ایمبولینس کی گاڑیوں پر فائرنگ بھی کی۔
جمعے کی سہ پہر مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے زیر صدارت سکیورٹی کمیٹی کے ایک ہنگامی اجلاس بھی منعقد کیا جا رہا ہے جس میں العریش میں مسجد میں ہونے والے دھماکے کے بعد امن و امان کی صورت حال اور آئندہ لائحہ عمل پر بات چیت ہو گی۔
مصری صدر نے اس الم ناک واقعے پر ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔