لبنان کی حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے ضمن میں کوئی بات نہیں ہوسکتی۔:ایران

164

ایران کے چیف کمانڈر محمد علی جعفری نے کہا ہے کہ ان کی فورس خانہ جنگی کا شکار شام میں جنگ بندی کے قیام میں فعال کردار ادا کرے گی ۔ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق انھوں نے مزید کہا ہے کہ لبنان کی حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے ضمن میں کوئی بات نہیں ہوسکتی۔

انھوں نے کہا کہ ’’ حزب اللہ کو لبنانی قوم کے دشمنوں سے لڑنے کے لیے مسلح رہنا چاہیے اور یہ دشمن اسرائیل ہے۔لبنان کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ان کے(حزب اللہ) کے پاس بہتر ین ہتھیار ہونے چاہییں۔اس معاملے پر کوئی بات نہیں ہوسکتی‘‘۔
.
سعودی عرب نے ایران کی پروردہ حزب اللہ پر یمن میں حوثی ملیشیا کی عسکری مدد کا الزام عاید کیا ہے اور کہا ہے کہ الریاض پر اس ماہ کے اوائل میں بیلسٹک میزائل کے حملے میں اس کا کردار ادا تھا جبکہ ایران اور حزب اللہ دونوں اس کی تردید کرتے ہیں۔

محمد علی جعفری نے ایران کے اس موقف کا بھی اعادہ کیا ہے کہ اس کا بیلسٹک میزائل پروگرام اسلامی جمہوریہ کے تحفظ اور دفاع کے لیے ہے اور اس پر بھی کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

پاسدارا ن انقلاب کے سربراہ نے فرانسیسی صدر عمانو ایل ماکروں کے ایران کے میزائل پروگرام کے بارے میں بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’انھوں نے یہ بیان اس وجہ سے دیا ہے کیونکہ وہ نوجوان اور ناتجربے کار ہیں‘‘۔

ماکروں نے اس ماہ کے اوائل میں کہا تھا کہ ایران کو خطے میں کم جارح ہونا چاہیے اور اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بارے میں حکمت عملی کی وضاحت کرنی چاہیے۔