بلوچ جدوجہد کی وسعت نے قابض کو حواس باختہ کردیا ہے، بی ایس او آزاد لندن ریفرنس

287

یومِ شہدا کی مناسبت سے گوادر، کراچی، ملیر، کوئٹہ نال سمیت بلوچستان کے مختلف زونوں میں ریفرنسزمنعقد

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کی جانب سے 13نومبر بلوچستان بھر میں بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ بی ایس او آزاد کے کارکنوں نے گوادر، کراچی، ملیر، نال اور شال سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں شہدا کی یاد میں ریفرنسز منعقد کیے۔ ریفرنسز میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے شہدا کی ارمانوں کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ بی ایس او آزاد نے لندن، جرمنی میں بھی یومِ شہدا کی مناسبت سے ریفرنسز منعقد کیے۔ لندن میں منعقد ریفرنس سے بی این ایم کے رہنماء حمل حیدر، نورالدین مینگل، بلوچ دانشور نصیر دشتی، انسانی حقوق کے کارکن پیٹر ٹیچل، عبداللہ بلوچ اور عزیز مینگل نے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں مقررین نے بلوچ شہدا کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں نے انسانی آزادی و برابری کی خاطر زندگی جیسی قیمتی شے کو بھی قربان کردیا ہے۔ پاکستان بار بار بلوچوں کو بیرونی ایجنٹ ثابت کرنے کے لئے اپنی میڈیا اور گماشتوں کے ذریعے منفی پروپگنڈے پھیلاتی ہے، لیکن شہدا کی بے لوث قربانیاں اس طرح کی تمام پروپگنڈوں کو ضائع کردیتے ہیں۔ جو قومیں اپنی قومی و اجتماعی بقاء کے لئے اپنی جانوں کی قربانی پیش کریں، انہیں کوئی طاقت تا دیر غلام نہیں کرسکتا ۔ مقررین نے کہا کہ بلوچ جدوجہد کی نظریاتی جڑیں گہری ہیں، یہ جنگ کسی خاص طبقے یا گروہ کا جنگ نہیں بلکہ قومی جنگ ہے جس میں تمام بلوچ اجتماعی طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ جدوجہد کے تمام محازوں پر زندگی کے ہر طبقہ فکر کے لوگ موجود ہیں۔ جدوجہد کی وسعت ہی کی وجہ سے قابض ریاست حواس باختگی میں بچوں و خواتین کو بھی اپنی وحشیانہ جبر کا نشانہ بنا رہی ہے۔

لندن میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیوں نے آزادی پر بلوچ عوام کی یقین کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔ شہیدوں نے اپنے خون سے آزادی کے منزل تک پہنچنے کے لئے جو لکیر کھینچی ہے، اسی راہ کی پیروی میں ہی بلوچ عوام کی دائمی نجات موجود ہے۔ وہ نیشنل پارٹی جیسی نام نہاد جماعتیں آخری حد تک بلوچ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کریں گے، لیکن پاکستانی قبضے کے دوران ہونے والے تجربات بلوچ عوام کی اتنی تربیت کرچکے ہیں کہ وہ اب اپنی آزادی کے علاوہ کسی دوسرے مطالبے پر کسی صورت راضی نہیں ہوں گے۔

لندن کے علاوہ جرمنی میں بھی بی ایس او آزاد کے کارکنوں نے شہدا کی مناسبت سے پروگرام منعقد کیے۔

واضح رہے کہ 2010کے بی ایس او آزاد کے فیصلے کے بعد سے ہر سال 13نومبر یومِ شہدا کی مناسبت سے منائی جارہی ہے، بیشتر بلوچ پارٹیاں اور عوام کی اکثریت ہر سال اس دن کو یومِ شہدا کی مناسبت سے منا رہی ہے۔