پدماوتی نے باہو بلی 2 کا ایک ریکارڈ توڑ دیا

368

بولی وڈ کے معروف ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی نئی فلم ‘پدما وتی’ ابھی ریلیز تو ہوئی نہیں، تاہم اس نے ابھی سے رواں سال کی بلاک بسٹر باہو بلی کا ایک ریکارڈ ضرور توڑ دیا ہے۔

جی ہاں دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی یہ نئی فلم ریلیز سے پہلے ہی باہو بلی کو ایک میدان میں پیچھے چھوڑ چکی ہے۔

اور وہ ہے کسی فلم کے پہلے ٹریلر کو چوبیس گھنٹوں کے دوران دیکھے جانا۔

پدما وتی کا پہلا ٹریلر 9 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا اور چوبیس گھنٹے کے اندر اسے یوٹیوب پر 15 ملین سے زیادہ بار دیکھا جاچکا ہے اور اس طرح اس نے باہو بلی ٹو کا 11 ملین سے زائد کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

فلم پدما وتی میں دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

مداح اس ٹریلر کا طویل عرصے سے انتظار کررہے تھے اور اسے نو اکتوبر کو ایک بج کر 3 منٹ پر دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا، دلچسپ بات یہ ہے کہ رپورٹس کے مطابق علاؤالدین خلجی اور راجا راول رتن سنگھ کے درمیان جنگ 1303 کے دور میں ہوئی اور یہی وجہ ہے کہ فلم کے ٹریلر کو اسی مناسبت سے 13:03 بجے (ایک بجکر 3 منٹ) پر ریلیز کیا گیا۔

فلم میں دپیکا پڈوکون نے رانی پدمنی، رنویر سنگھ نے علاؤالدین خلجی اور شاہد کپور نے راجا راول رتن سنگھ کا کردار ادا کیا ہے۔

دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ اس سے قبل بھی سنجے لیلا بھنسالی کی دو کامیاب فلموں ‘رام لیلا’ اور باجی راﺅ مستانی میں کام کیا ہے۔

یہ فلم رواں سال یکم دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔