نئی فلم ‘دنگل’ کو پیچھے چھوڑ دے گی: عامر خان

245

بالی وڈ کے مسڑ پرفیکشنسٹ عامرخان سلور اسکرین پر ہمیشہ کچھ نیا پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کی فلمیں مقبولیت اور کمائی کے نئے ریکارڈ بناتی ہیں۔

عامر کی پچھلی فلم ’دنگل ‘بھی بھارتی سینما کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم تھی لیکن اب خود عامر خان کا یہ کہنا ہے کہ’ دنگل‘ بہت جلد پیچھے رہ جائے گی۔

اپنی آنے والی فلم ’سیکریٹ سپراسٹار‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے عامر خان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ’سیکریٹ سپراسٹار‘ فلم ’دنگل ‘سے بھی بڑی فلم ثابت ہوگی۔

’سیکرٹ سپراسٹار‘ کی تشہیری مہم کے لئے سنگا پور میں موجود عامر خان نے برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو میں کہا کہ ’دنگل‘ میں بھی لڑکیوں کو اختیار اور آزادی دینے کا معاملہ اٹھایا گیا تھا لیکن مجھے محسوس ہورہا ہے کہ ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ بہت بڑی فلم ہے۔

فلم ’دنگل‘ میں ایک باپ کا خواب بیٹی پورا کرتی ہے لیکن ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ بھارت کے ایک چھوٹے سے قصبے میں رہنے والی 14 سالہ لڑکی کی خواہشوں اور امید کی کہانی ہے۔

عامرکے بقول ’مجھے نہیں پتا کہ باکس آفس پر کیا ہوگا لیکن ’سیکریٹ سپر اسٹار‘۔ ۔’دنگل‘ سے کہیں زیادہ بڑی فلم ہے۔‘

فلم میں سیاسی پیغام ہونے کے باوجود عامر خان کا کہنا تھا ’ سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ،بس معاشرے کے لئے کچھ اچھا کرنے کی آرزو ضرور ہے۔ جب میں فلم بناتا ہوں تو میری پہلی ترجیح عوام کو تفریح فراہم کرنا ہوتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ کوئی اہم پیغام جس سے چیزوں اور معاملات کو بہتر بنانے میں مدد مل سکے۔ عدم برداشت کا رویہ بطور اداکار مجھے اظہار رائے سے نہیں روک سکتا۔‘

’سیکریٹ سپر اسٹار‘میں 52 سال کے عامر خان نے میوزک پروڈیوسر کا رول ادا کیا ہے۔

زائرہ وسیم نے ایک ایسی اسکول گرل کا کردار نبھایا ہے جو مسلمان گھرانے سے تعلق رکھتی ہے۔ والد کی پابندی کے باعث لیکن ماں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ چھپ کر گانا گانے کا شوق پورا کرتی ہے اور پھر انٹرنیٹ کے ذریعے پوری دنیا میں مشہور ہو جاتی ہے۔

’سیکرٹ سپراسٹار‘ عامرخان نے اپنی بیوی کرن راؤ کے ساتھ ملکر پروڈیوس بھی کی ہے اور فلم میں انہوں نے زائرہ وسیم کے ساتھ سکینڈ لیڈ کردار بھی ادا کیا ہے۔

فلم رواں مہینے کے آخر میں ریلیز کی جائے گی۔