فیفا نے پاکستان پر عالمی مقابلوں میں شرکت پر پابندی لگا دی

226

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی رکنیت معطل کرتے ہوئے اس کی ہر طرح کے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت پر پابندی عائد کردی۔
فیفا کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئےاعلامیےکے مطابق گذشتہ روز (10 اکتوبر کو) فیفا کونسل کے بیورو کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پی ایف ایف کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کرکے اسے فوری طور پر نافذ کردیا گیا۔

فیفا اعلامیے کے مطابق بیورو نے پی ایف ایف کے دفاتر اور ان کے اکاؤنٹس، عدالت کی جانب سے تقرر کردہ منتظم کے سپرد ہونے کی بنا پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ فیفا ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پی ایف ایف کی جانب سے فیڈریشن کے معاملات آزادانہ طور پر چلانے کے بجائے کسی دوسرے فریق کے سپرد ہیں۔

فیفا اعلامیے کے مطابق پی ایف ایف کے اکاؤنٹس دوبارہ فیڈریشن کے سپرد ہونے کی صورت میں معطلی کا فیصلہ ختم کرتے ہوئے عائد پابندی اٹھالی جائے گی۔

فٹبال کی عالمی تنظیم کی جانب سے عائد معطلی کے بعد فیفا آئین کے آرٹیکل 13 کے مطابق پی ایف ایف تمام بین الاقوامی ممبرشپس سے بھی محروم ہوگیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ پی ایف ایف کی کلب ٹیمیں اور اس کے نمائندگان بھی کسی طرح کے بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کے اہل نہیں ہوں گے۔
اس کے علاوہ فیفا کے آرٹیکل 16 کی شق 3 کے مطابق فیفا ممبران کی دیگر ایسوسی ایشنز بھی معطلی کے دوران پی ایف ایف کے ساتھ کھیلوں کی سطح کا کوئی رابطہ نہیں رکھ سکتیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں فٹبال کے امور چلانے والے ادارے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے معاملات تذبذب کا شکار تھے جس کے بعد یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ فٹبال کی عالمی تنظیمپی ایف ایف اس کی رکنیت معطل کرسکتیہے۔