جھل مگسی میں مزار پر حملہ قابل مذمت ہے : امریکہ

245

امریکہ نے  بلوچستان کے علاقے جھل مگسی میں واقع فتح پور  کے مزار پر  ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کی ہے، جس میں کم از کم 18 بے گناہ شہری ہلاک ہوئیں۔

محکمہٴ خارجہ کی ترجمان، ہیدر نیوئرٹ نے شام گئے ایک بیان میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے، جب کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’خطے بھر میں انسداد دہشت گردی کی جاری کوششوں میں، امریکہ  اپنے دیگر پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے‘‘۔

نوئرٹ نے کہا کہ ’’دہشت گردی کے خلاف اُن کی لڑائی میں، ہم پاکستان کے عوام اور وسیع تر جنوبی ایشیا کے خطے کے ساتھ کھڑے ہیں‘‘۔

خبروں کے مطابق، ہلاک و زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر کا تعلق شیعہ برادری سے تھا، جو حملے کے وقت دھمال ڈال رہے تھے۔