پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ عید کا دوسرا دن گوادر اور تربت اپنے جوانوں کیساتھ گزاریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بیان جاری کیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ بلوچستان پہنچ گئے ہیں اور وہ عید کا دوسرا دن گوادر اور تربت میں اپنے جوانوں کیساتھ گزاریں گے۔
اس سے قبل بھی پاکستان کے فوجی چیف عید کے دنوں کو وزیرستان یا پھر بھارتی سرحد پر اپنے جوانوں کے ساتھ گزار چکے ہیں، جو کہ جنگ زدہ علاقوں میں شمار ہوتے ہیں اور اپنے سپاہیوں کی حوصلہ افزائی کے لیئے آرمی چیف انکے ساتھ وقت گزارتا ہے۔
مگر پہلی مرتبہ آرمی چیف اپنی عید تربت و گوادر میں گزاریں گے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بلوچستان کے حالات کس قدر کشیدہ ہوچکے ہیں اور فوجیوں کو اب آرمی چیف کے حوصلے کی ضرورت ہے۔
خیال رہے گزشتہ روز گوادر پورٹ پر ایک بارود سے بھرا ٹرک بھی پکڑا گیا ہے، اور بتایا جا رہا ہے کہ اس ٹرک کو دھماکہ سے اڑانے کی کوشش نہیں کی گئی بلکہ مبینہ حملہ آوراسے اندر لیجانا چاہتےتھے اور آرمی چیف کے پروگرام کے موقع پر کاروائی میں استعمال کرنے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسکے علاوہ آرمی چیف کے آمد کے موقع پر گوادر بھر میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے اور پورے شہر میں دکانوں کو بند کرا دیا گیا ہے۔