آمدہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز نے قلات اور مستونگ کے درمیانی علاقوں میں ایک بڑے پیمانے کا فوجی آپریشن شروع کردیا ہے جس میں اب تک درجنوں افراد کو اغواء کرکے لاپتے کردینے کی اطلاعات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فورسز نے آج علی الصبح قلات اور مستونگ کے درمیانی نواحی علاقے گاجان، قابو اور رومبک میں ایک وسیع آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ پاکستانی فورسز کو ہیلی کاپٹروں کی مدد حاصل ہے جو وقفے وقفے سے شیلنگ کررہے ہیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں ذمینی فورسز نے پورے علاقے کا گھیراو کرکے آنے جانے کے تمام راستوں کو سیل کرکے گھر گھر تلاشی کررہے ہیں۔
اس دوران درجنوں بلوچوں کو اغواء کرنےکی اطلاعات ہیں جن کے نام اب تک معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔ ان لاپتہ ہونے والے افراد میں خواتین و بچوں کی موجودگی کی بھی اطلاعات ہیں۔ مزید تفصیلات کے مطابق آپریشن میں ابتک کئی گھروں کو نذرِ آتش کردیا گیا ہے۔
اس سے پہلے بھی ان علاقوں میں پاکستانی فورسز متعدد آپریشن کرچکے ہیں، جن میں سے ایک آپریشن کے دوران گذشتہ سال پاکستانی فورسز نے ہیلی کاپٹروں سے خانہ بدوشوں کے ایک کمین گاہ پر دھاوا بول کر درجن بھر سے زائد خانہ بدوشوں کو عورتوں اور بچوں سمیت جانبحق کردیا تھا۔