بی ایس او آزاد کے لندن زون نے برطانیہ کے شہر لندن میں ایک احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے لندن زون نے بلوچستان میں ہونے والے آپریشنوں، جبری گمشدگیوں اور لاپتہ افراد کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ احتجاجی مظاہرہ یکم اکتوبر کو لندن میں وزیراعظم کی رہائش گاہ کے باہر کیا جائے گا۔ اعلامیہ کے مطابق احتجاج کا وقت دوپہر ڈھائی بجے سے لیکر ساڑے پانچ بجے طے کیا گیا ہے۔
خیال رہے گزشتہ ایک ماہ سے بلوچستان میں فوجی آپریشنوں میں تیزی لائی گئی ہے، جہاں آواران، تربت، نوشکی اور ڈیرہ بگٹی کے علاقوں میں آپریشن کے دوران متعدد افراد کو لاپتہ کیا گیا ہے۔
جبکہ ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں فوجی بمباری کے نتیجے میں درجن سے زائد مرد و خواتین جانبحق کیئے گئے ہیں، جن میں ایک شیر خوار بچہ بھی شامل ہے۔
اسکے علاوہ بلوچستان ساحلی شہر پسنی کے وارڈ نمبر 6 میں گزشتہ دو دنوں سے جاری آپریشن میں اب تک گیارہ افراد لاپتہ کیئے جا چکے ہیں۔