بلوچستان مختلف واقعات میں دو جانبحق متعدد زخمی

305

آج بلوچستان کے مختلف شہروں میں ہونے والے مختلف واقعات کے نتیجے میں ایک بچہ سمیت دو افراد جانبحق اور خواتین سمیت کئی افراد زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق لورالائی کے علاقے ہزارہ محلہ میں گھر کی چھت گرنے سے ایک فرد جانبحق اور ایک خاتون زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت کمشنر افس میں تعنیات کلرک حسین شاہ سے ہوئی۔

صحبت پور میں دو گروہوں میں ہونے والے جھڑپ میں 4عورتوں سمیت 9 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو علاج معالجے کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واضح رہےکہ زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق گولہ برادری سے ہے۔

ڈیرہ مراد جمالی میں ایک دلخراش واقعے کے نتیجے میں ایک 6 سالہ بچے کی موت واقع ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق گوٹھ عبدالرحمان میں واقع واٹر کورس میں ڈوبنے سے محمد علی کا 6 سالہ بچہ علی اپنی جان کی بازی ہار گیا۔

ایک اور واقعہ میں چمن شہر کے رہائشی دو بھائیوں پر نا معلوم افراد نےرحمان کہول روڈ چمن میں اندھا دھند فائرنگ کی جس سے دونوں بھائی شدید زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والے 22 سالہ عصمت اللہ اور 25 سالہ جانان کو مزید علاج کیلئے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ واضح رہے کہ دونوں جانان اچکزئی کے بیٹے ہیں۔