آواران آپریشن میں فورسز نے درجنوں افراد گرفتارکرکے نامعلوم مقام منتقل کردیا۔
دی بلوچستان پوسٹ نمائندہ کے مطابق پاکستانی فورسز آواران کے علاقے ڈنڈار میں مسجد میں گھس کر متعدد نمازیوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔
گرفتار ہونے والوں کی شناخت سوال جان ولد جمعہ، حامد ولد لعل محمد، صادق ولد بشیر، محمد امداد ولد رحیم بخش، الیاس ولد فقیر محمد، بلال ولد محمد حسن، الطاف ولد لعل بخش، نیاز ولد ولی محمد، لعل بخش ولد کریم داد اور جاوید ولد عبدالقادر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ انکے علاوہ دو بھائی محبت ولد پلان اور شبیر ولد پلان بھی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہوئے ہیں۔ جبکہ دیگرگرفتار ہونے والوں کی شناخت ہونا باقی ہے۔
آپریشن کے دوران پاکستانی فورسز نے گھر گھر تلاشی لی ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا کہ فورسز نے ہمارے گھروں کے تقدس کو پامال کیا ہے اورعورتوں و بچوں کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آئے ہیں۔
آواران میں یہ تازہ فوجی آپریشن آج صبح سے جاری ہے، جہاں درجنوں فوجی گاڑیوں اور آٹھ ہیلی کاپٹروں کو کولواہ کے قریب واقع ڈنڈار کے علاقے جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
زرائع کے مطابق فورسز نے قلات مادگ میں ایک اسکول کو فوجی کیمپ میں تبدیل کردیا ہے، اور اس اسکول کو آپریشن میں بیس کیمپ کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے۔