کوئٹہ: غیر معیاری و زائد المعیاد ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کارراوئی

185
Pills macro

   ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین  عبدالمجید ناصر اور ممبر ارسلاء خان نے غیر معیاری ،غیر رجسٹرڈ ،زائد المعیاد ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 10 ادویہ ساز کمپنیوں اور میڈیکل سٹورز مالکان کی پیش نہ ہونے کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے متعلقہ پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبروپیش کرے ۔
گزشتہ روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے روبرو ادویہ ساز کمپنی ڈرگ فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کی سماعت ہوئی تو اس موقع پر منیجنگ پارٹنر محمد شعیب ،طاہر نواز اور گلشن بھٹ عدالت کے روبرو پیش نہ ہوسکے جس پر عدالت نے تینوں ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے وارنٹ کی کاپیاں سی سی پی او لاہور کو بھجوانے کی ہدایت کی اس کے علاوہ سرو و فارما سیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کیس میں کوارڈینیٹر محمد انور کے پیش نہ ہونے پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ۔
ہدایت کی گئی کہ مذکورہ ملزم کے وارنٹ گرفتاری سی سی پی او فیصل آباد کو بھجوایاجاجائے ،ریڈیکس نیوٹرو فارما سیوٹیکل کمپنی کے خلاف قائم دو مقدمات کی سماعت کے موقع پر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اشفاق احمد،کوالیفائیڈ پرسن پرکاش لال ،نعیم احمد کے پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے اور متعلقہ پولیس کو ہدایت کی گئی کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرے ۔
اس کے علاوہ خلیل میڈیکل سٹور کے کوالیفائڈ پرسن فیاض احم د،عمران میڈیکل سٹور کے محمد عمران ،عرفان میڈیکل سٹور کے محمد عرفان ،نیو کمپلیکس اینڈ میڈیکل سٹور کے عبدالوہاب ،ہمدرد فارمیسی کے شمس اللہ ،امارات میڈیکل سٹور کے سید محمد مدثر کی عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ۔
پولیس کو ہدایت کی گئی کہ ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیاجائے ۔اس کے علاوہ بھی مختلف میڈیکل سٹورز اور کمپنیوں کے خلاف قائم کیسز کی سماعت ہوئی بعدازاں کیسز کی سماعت کو ملتوی کردیاگیا۔