قطر دہشت گردوں کو پناہ دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے: امارات

216

امریکا میں متعین متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العتیبہ نے کہا ہے کہ قطر خطے کو تباہ کرنے والا عامل بن چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چار عرب ملکوں نے قطر کا محاصرہ نہیں بلکہ صرف سفارتی بائیکاٹ شروع کیا ہے تاکہ دوحہ کو راہ راست پر لایا جاسکے۔ اماراتی سفیر نے قطر کے گھیراؤ سے متعلق آنے والی تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔

امریکی جریدے ’اٹلانٹک‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں یوسف العتیبہ نے کہا کہ سفارتی بائیکاٹ کی وجہ سے قطری عوام پر بھوک مسلط نہیں کی گئی اور نہ ہی قطر کے لوگوں کو ایسا کوئی مسئلہ درپیش ہے۔ قطر کی بندرگاہیں اور ہوائی اڈے کھلے ہیں۔ دوحہ کے خلاف چار عرب ممالک کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا مقصد سلامتی کا تحفظ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قطر دہشت گردوں کو پناہ دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ قطر نے ایسے لوگوں کو بھی اپنے ہاں پناہ دے رکھی ہے جنہیں اقوام متحدہ اور امریکا نے دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا ہوا ہے۔

یوسف العتیبہ نے کہا کہ امیر قطر مذاکرات کرنا چاہتے ہیں مگر ان کے والد اس میں رکاوٹ ہیں۔ ابھی تک امیر قطر کے والد کے پاس تمام اختیارات موجود ہیں اور وہ اپنی مرضی کے فیصلے کرتے ہیں۔