بی این پی نے پارٹی رہنما ء کے قتل کیخلاف احتجاجی شیڈول کا اعلان کر دیا

153

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل ، سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے اپنے مشترکہ بیان میں پارٹی کے بانی رکن شہید ناصر جان بلوچ کو زبردستالفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سامنے پارٹی رہنماء و کارکن اہمیت کے حامل ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ پارٹی رہنماء و کارکن ہی پارٹی کا سرمایہ ہیں بالخصوص وہ شہداء جو ثابت قدمی کے ساتھ پارٹی سے وابستہ رہے اور تمام مشکلات کے باوجود پارٹی بیرک اٹھا کر جدوجہد کی ناصر بلوچ انہی رہنماؤں میں سے تھے ۔

جو کارکن بلوچ قومی حقوق کے حصول اور پارٹی سے سچی وابستگی رکھتے ہیں ان کی قربانیوں کو ہمیشہ پارٹی یاد رکھے گی ان کی شہادت سے جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ صدیوں پر نہیں ہو سکتا پارٹی شہداء کو ہمیشہ قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتی ہے رہنماؤں و کارکنوں کی وجہ سے ہی قومی جدوجہد پروان چڑھ رہی ہے انہوں نے شہید ناصر بلوچ کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہم ان کے لواحقین کے ساتھ ہیں ۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ اور پسماندگان کو صبرجمیل عطا فرمائے ۔ دریں اثناء پارٹی بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید ناصر جان بلوچ کے قتل کیخلاف پارٹی احتجاجی شیڈول کا اعلان کرتی ہے جس کے مطابق چار اگست کومستونگ ، قلات ، خضدار ، لسبیلہ ، آواران ، سات اگست کو پنجگور ، تربت ، گوادر ، 11اگست کو نصیر آباد ، جعفر آباد ، سبی ،بولان ، جھل مگسی ، صحبت پور ، شہداد کوٹ ، 13 اگست کو بارکھان ، ہرنائی ، موسیٰ خیل ، لورالائی ، ڈیرہ غازی خان ، 16اگست کو خاران ، واشک ، دالبندین ، نوشکی ، چاغی ، 18اگست کو کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا ۔