زمبابوے کا بڑا اپ سیٹ، سری لنکا کو سیریز میں شکست

195

زمبابوے نے سکندر رضا کی شاندار کارکردگی کی بدولت پانچویں ون ڈے میچ میں سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹ سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

سکندر رضا نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو ابتدا میں ہی تین نقصان پہنچائے جس کے سبب میزبان ٹیم 31 رنز ہر تین وکٹوں سے محروم ہو گئی۔ابتدائی نقصان کے سبب سری لنکا کی ٹیم تیز رفتاری سے رنز نہ بنا سکی اور اسٹرائیک ریٹ کم ہونے کے سبب بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔

دنشکا گناتھیلاکا 52، اینجلو میتھیوز 24، اسیلا گونارتنے 59 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ اننگز کا تیسرا بڑا اسکور 28 رنز کے ساتھ ایکسٹرا کا رہا۔سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 203 رنز بنائے۔ہملٹن مساکاڈزا اور سولومون میر نے 92 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کر کے اپنی ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، میر 43 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

مساکاڈزا نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا لیکن انہوں نے اسکور 137 تک پہنچایا ہی تھا کہ تجربہ کار لاستھ ملنگا نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اس موقع پر زمبابوے کی آسان فتح بالکل صاف نظر آ رہی تھی لیکن درمیانی اوورز میں اکیلا دننجیا چار وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔175 رنز پر سات وکٹیں گرنے کے بعد سری لنکا کی میچ میں فتح صاف نظر آنے لگی تھی لیکن ایک مرتبہ پھر سکندر رجا ان کی راہ میں حائل ہو گئے۔پاکستانی نژاد بلے باز نے 27 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر سری لنکا کو تین وکٹ کی شکست سے دوچار کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کو سیریز بھی 3-2 سے جتوا دی۔انہیں شاندار آل راؤنڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا جبکہ ہملٹن مساکاڈزا سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ یہ زمبابوے کی 2009 کے بعد ملک سے باہر ون ڈے سیریز میں پہلی کامیابی ہے۔