افغان فوج کے اہلکار کی فائرنگ سے سات امریکی فوجی زخمی

209

افغانستان میں امریکی حکام کے مطابق ایک افغان فوجی کے حملے میں سات امریکی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔

امریکی فوج کی کمانڈ کے ایک ترجمان کے مطابق سنیچر کو شمالی صوبہ بلخ میں واقع فوجی اڈے کے اندر ہونے والے حملے میں زخمی امریکی فوجیوں کو وہاں سے منتقل کر دیا گیا ہے۔

نیٹو کے مطابق مزارِ شریف کے فوجی اڈے کیمپ شاہین میں پیش آنے والے اس واقعے میں ایک افغان فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔

نیٹو نے ان اطلاعات کو مسترد کیا کہ اس حملے میں ایک امریکی فوجی بھی ہلاک ہوا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ابھی تک واضح نہیں ہوا کہ ہلاک ہونے والا افغان فوجی ہی حملہ آور تھا کہ نہیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق افغان طالبان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملہ ان کے وفادار نے کیا تھا۔

خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل افغان فوج کے ایک کمانڈو نے فائرنگ کر کے امریکی فوج کی سپیشل سروسز کے تین اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔

اس حملے کی ذمہ داری بھی طالبان نے قبول کی تھی۔ اس کے علاوہ طالبان نے اپریل میں مزار شریف میں فوجی اڈے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں کم از کم ایک سو افغان فوجی مارے گئے تھے۔