آواران میں 12 سالہ بچہ زیادتی کا شکار، ایف آئی آر درج

97

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے مشکے میں 12 سالہ اظہر علی نامی بچے کے ساتھ بدفعلی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

مشکے پولیس کے مطابق بدھ کے روز مشکے النگی کے اظہر علی ولد اصغر علی، گجر میں ٹیوشن کی پڑھائی کے بعد گھر جارہے تھے کہ ایک شخص نے انہیں زدکوب کرکے اپنے ہمراہ لے گئے، بچے نے گھر والوں کو واقعہ سے آگاہ کیا۔

پولیس نے اظہر علی کے والد اصغر علی کے دائر درخواست پر عید محمد عروفِ پیرو ولد کریم داد کے خلاف ایف آئی آر تھانے میں درج کرائی ہے۔

دریں اثناء ہیومن رائٹس کمیشن آف بلوچستان کے ترجمان اور انسانی حقوق کے کارکن عبداللہ عباس بلوچ نے ٹوئٹر پر واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچے کیساتھ بد فعلی کے واقعہ میں ملوث ملزم کا تعلق مقامی ریاستی ڈیتھ اسکواڈ گروپ سے ہے۔

عبداللہ عباس بلوچ نے مزید کہا کہ عید محمد نامی شخص علاقے میں منشیات کے کاروبار اور بلوچ نوجوانوں کے اغواء کرانے میں ریاست کا معاون ہے جس کے بدلے سیکورٹی فورسز کی جانب سے انہیں کھلی چھوٹ دیا جاتا ہے۔ –

تاہم مشکے پولیس نے FIR NO 03/2020 U/S 377tp درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی۔