رواں سال کورونا وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں – ڈاکٹر فاؤچی

60

امریکی صدر کے مشیر صحت ڈاکٹر فاؤچی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا میں کورونا وباء  موسمی نوعیت اختیار کرسکتی ہے اور رواں برس کورونا وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں  ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر کے مشیر صحت، وہائٹ ہاؤس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن اور امریکا کے قومی ادارہ برائے الرجی اور  متعدی امراض کے سربراہ ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے ایک امریکی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ غالب امکان ہے کورونا وائرس موسمی نوعیت اختیار کرلے گا کیونکہ عالمی سطح پر اس کی مکمل بیخ ممکن نظر نہیں آتی۔

ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا تھا کہ اس سال پوری دنیا سے کورونا وائرس وباء کا خاتمہ مشکل نظر آتا ہے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ زکام  کے اگلے موسم میں یہ وباء امریکا میں ایک بار پھر سر اٹھا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وباء کے دوبارہ پھیلنے کے خدشات کے باعث امریکہ اس کے مقابلے کی پہلے سے بہتر تیاریاں کی جارہی ہیں، اس میں ویکسین کی تیاری، طبی آزمائش اور علاج معالجے کے دیگر طریقوں پر تحقیق بھی شامل ہے۔

انتھونی فاؤچی نے خبر دار کیا کہ جن امریکی ریاستوں میں تاحال عوام کو گھروں تک محدود کرنے کے اقدامات نہیں کیے گئے ہیں وہ پورے ملک سے بڑھ کر خود کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔

واضح رہے امریکہ میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں روز بہ روز بڑھتی جارہی ہیں اور وہاں وباء کے باعث 9 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔