آواران: پاکستانی فوج اور ڈیتھ اسکواڈ پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں – بی ایل ایف

267

بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے آواران میں پاکستانی فوج کی ایک چیک پوسٹ اور ایک چوکی سمیت ڈیتھ اسکواڈ کے ٹھکانے پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

میجر گہرام بلوچ نے نامعلوم مقام سے میڈیا کو بتایا کہ سرمچاروں نے بدھ کی صبح چار بجے ضلع آواران کے علاقے لباچ ڈنسر میں قائم فوجی چیک پوسٹ پر راکٹوں اور خودکار بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ اس حملے میں تین اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔

میجر گہرام بلوچ نے مزید کہا کہ ضلع آواران میں کورے ڈاٹ کے مقام پر قائم فوجی چوکی کو سرمچاروں نے شام ساڑھے چار بجے راکٹوں اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، جس سے دو اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع آواران کے علاقے لباچ میں ڈیتھ اسکواڈ کے کارندے برکت کے ٹھکانے پر بھی سرمچاروں نے حملہ کیا ہے۔ مذکورہ ریاستی کارندے کے ٹھکانے کو راکٹوں اور خودکار بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔ ریاستی سرپرستی میں قائم یہ ڈیتھ اسکواڈ بلوچوں کے اغوا، قتل اور مخبری سمیت کئی جرائم میں ملوث اور پاکستانی فوج کی جانب سے جاری بلوچ نسل کشی میں برابر شریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی آزادی تک قابض ریاستی فورسز اور انکے معاونین اور سہولت کاروں پر حملے جاری رہیں گے۔