پشین: مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جانبحق، 2 زخمی

44

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے ایک طرف جہاں سیلابوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے وہی دوسری جانب کچے مکانات کی چھت و دیوار گرنے کے واقعات بھی پیش آرہے ہیں۔

بلوچستان کے علاقے پشین میں مکان کی چھت گرنے سے دو بچے جانبحق اور دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

واقعہ پشین کے علاقے کلی چوکل میں پیش آیا جہاں بارش اور برفباری کے باعث مکان کی چھت گرگئی جبکہ زخمیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشین کے مطابق متاثر گھر میں امدادی کاروائی جاری ہے، زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے حالیہ چند دنوں سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب کچے مکانات کے گرنے کے واقعات پیش آرہے ہیں۔

گذشتہ روز بلوچستان کے سرحدی علاقے چمن میں بھی مکان کی چھت گرنے سے پانچ افراد جانبحق جبکہ 6 زخمی ہوئے تھے جن میں خواتین و بچے شامل تھے۔