افغانستان: تین بھارتیوں کے بدلے 11 طالبان قیدی امریکہ نے رہا کردیا

107

افغانستان میں امریکہ کے  بگرام فوجی اڈے سے 11 طالبان قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے، اُن کی رہائی طالبان کی قید سے تین بھارتی افراد کی رہائی کے بدلے میں عمل میں آئی ہے۔

طالبان ذرائع کے مطابق  کہ قیدیوں کا یہ تبادلہ افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں کیا گیا۔

طالبان کے رہا ہونے والے قیدیوں میں صوبے کنڑ اور نمروز کے دو سابق صوبائی گورنرز بھی شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو میں رہا ہونے والے طالبان قیدیوں کو طالبان کے ارکان کی طرف سے خوش آمدید کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

 رہا ہونے والے طالبان قیدیوں میں مولانا عبدالرشید بلوچ بھی شامل ہے۔

امریکی حکام یا افغان حکومت کی جانب سے تاحال اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی قیدیوں کو گذشتہ برس چار افغان اہلکاروں کے ساتھ اُس وقت طالبان نے گرفتار کر لیا تھا جب وہ بغلان صوبے میں بجلی کے ایک منصوبے پر کام کر رہے تھے۔

ان بھارتی افراد میں سے ایک فرار ہو کر رواں سال مئی میں بھارت پہنچ گیا تھا جبکہ باقی بھارتی شہریوں کے بارے میں اب تک کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔