ڈیرہ غازی خان میں سیلاب سے درجنوں دیہات زیرِ آب، فصلیں تباہ

45

دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے ڈیرہ غازی خان کے کچے کے علاقے میں درجنوں دیہات زیرِ آب آگئے۔

ڈیرہ غازی خان میں کچے کے درجنوں دیہات ڈوبنے کے علاوہ ہزاروں ایکڑ رقبے پر کاشت کپاس سمیت دیگر فصلیں تباہ ہوگئیں۔

متاثرہ علاقوں سے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کر دی۔

علاقہ مکین کہتے ہیں آج تک حکومت کے کسی بندے نے آکر نہیں پوچھا کہ آپ لوگ کیسے زندگی گزار رہے ہیں۔ ہماری گندم بھی سیلاب میں بہہ گئی جبکہ جانوروں کا چارہ بھی نہیں ہے جس کے باعث ہمارے جانور بھی بھوک سے مر رہے ہیں۔

نواب شاہ کے روہڑی کینال میں 200 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا جس کی وجہ سے کئی ایکڑ زمین زیرِ آب آگئی۔ محکمہ آبپاشی کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ شگاف بھرنے میں مصروف رہا جبکہ امدادی کارروائیوں کیلئے رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا۔

وادی نیلم کےعلاقہ لیسوا میں سیلاب میں بہہ جانے والے 24 افراد میں سے ایک کی لاش نیلم جہلم پاور پراجیکٹ کے ڈیم میں سے مل گئی۔ انتظامیہ نے مزید افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کر دیا۔