کوئٹہ: اختر مینگل کا ہزارہ برادری کے احتجاجی کیمپ کا دورہ

270
File photo

کسی بھی قوم کا ناحق خون بہے وہ بلوچستانی کا خون ہے – سردار اختر مینگل

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مغربی بائی پاس کے مقام پر ہزارہ برادری کی جانب سے ہزار گنجی واقعے کیخلاف احتجاجی کا دورہ کیا۔

سردار اختر مینگل نے احتجاج پر بیھٹے متاثرہ خاندانوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور ہزارہ برادی سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس موقعے پر کہا کہ جس طرح آپ حکومت کے آگے بے بس ہیں بی این پی بھی آپ ہی کی طرح سخت حالات سے گزررہی ہیں ہم بھی اپنے گم شدہ لوگوں کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں۔ ماضی میں ہماری پکار کوئی سن نہیں سکتا تھا آج ہم نے لا پتہ افراد کا مسئلہ ملک کے ایوانوں تک پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا آئندہ اجلاس میں بھی لاپتہ افراد اور ہزارہ برادری کے ساتھ ظلم و زیادتیوں کے لیے آواز بلند ہوتی رہے گی۔ بلوچستان کی سرزمین پر کسی بھی قوم کا ناحق خون بہے وہ بلوچستانی کا خون ہے بی این پی کسی بھی بلوچستانی کے ناحق خون کو بہنے نہیں دے گی۔

اختر مینگل نے کہا بلوچستان نیشنل پارٹی احتجاج پر بیٹھے ہزارہ برادری کے ساتھ ہیں۔ بلوچستان کی سرزمین ہماری ہے اور ہم ہی اس کے وارث ہیں۔

واضح رہے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں گذشتہ روز خودکش حملے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے تھے، جن میں بچے اور سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

 ہزار گنجی دھماکے کے خلاف ہزارہ قبائل نے مغربی بائی پاس روڈ پر گذشتہ روز دھرنا دیا ہے، احتجاج میں خواتین اور بچے بھی شریک ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہزارہ برادری گذشتہ 20 سالوں سے مسلسل دہشتگردی کا نشانہ بن رہی ہے، 3 ہزار سے زائد افراد دہشتگردی کے واقعات میں لقمۂ اجل بن چکے ہیں اور 5 ہزار سے زائد معذور یا زخمی ہوچکے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے مطالبات کے حل تک دھرنا جاری رہے گا۔