بلوچستان: ضلع دکی میں 153 سرکاری اسکول بند ہونے کا انکشاف

461
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع دکی میں 153 سرکاری اسکول بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ضلع دکی میں کل 391 اسکول ہیں جن میں سے 14 بوائز ہائی جبکہ دو گرلز ہائی ، مڈل بوائز 20 جبکہ گرلز مڈل 5 ,بوائز پرائمری 247 جبکہ گرلز پرائمری 103 اسکول ہیں۔کل 391 اسکولوں میں سے 153 اسکول بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ بند اسکولوں میں 120 بوائز جبکہ 33 گرلز اسکول بند ہیں۔

سال 2018 میں دکی میں 89 اسکول بند تھے جبکہ رواں سال 2019 میں 64 اسکول مزید بند ہوگئے ہیں جن کی وجہ سے بند ہونے والے اسکولوں کی تعداد 153 ہوگئی ہے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر دوست محمد لونی نے میڈیا کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ153 اسکول اساتذہ نہ ہونے کی وجہ سے مسلسل بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی کمی کی وجہ سے اس صورتحال کا سامنا ہے۔ دوسری جانب محکمہ ایجوکیشن نے ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضری پر تیس اساتذہ کو اظہار وجوہ کا نوٹس مسلسل غیر حاضری پر بھیجوا دیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر دکی میران بلوچ نے کاروائی کرتے ہوئے روان مہینے 4 قبضہ اسکول جسے مہمان خانوں اور گھر کے طور پر استعمال کیاجاتا رہاتھا ‘کا قبضہ واگزار کرکے محکمہ تعلیم کے حوالے کردیئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر دوست محمد لونی نے مزید بتایا کہ اساتذہ کی کمی کی وجہ سے اسکول بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ بند اسکول اس وقت تک فعال نہیں کرسکتے جب تک نئے اساتذہ کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ اسکول گاؤں کے مالکان اپنے ضرورت کے لئے استعمال کرتے ہیں ان اسکولوں میں درس و تدریس کا عمل جاری ہے کلاس فور کے ملازمین نہ ہونے کی وجہ سے گاؤں کے مشران مالکان اسکولوں کی حفاظت کررہے ہیں۔